Live Updates

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، حریت

بدھ 3 ستمبر 2025 16:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے ایک بڑے حصے پر بھارت نے غیرقانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے اور انہیں اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دینے کے بجائے انکی جدوجہد کو طاقت کے بل پردبانے کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے ، اس نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کے حق کو مکمل طورپر سلب کررکھا ہے اور حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔ دریں اثناء وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی راستہ سری نگر جموں شاہراہ کی مسلسل بندش کی وجہ سے وادی میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔یہ شاہراہ ہر سال اوسطاً 45 دن تک بند رہتی ہے ۔ روا ں برس اب تک شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مجموعی طور پر 21دن تک بند رہی ہے ۔

مقبوضہ وادی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند رہنے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تجارت اور انسانی رابطوں کیلئے سرینگر مظفر آباد شاہراہ کی بحالی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ مقبوضہ علاقے میں 26 اگست سے جاری شدید بارشوں سے ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں ۔ لینڈ سلائڈنگ اور بادل پھٹنے کے سبب درجنوں افراد کی جانیں چلی گئی ہیں۔

مواصلاتی بلیک آو ¿ٹ کیوجہ سے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ اسکول اور کالج بند ہیں جبکہ پٹھان کوٹ اور جموں کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔ مقبوضہ علاقے میں سیاسی رہنماو ¿ں نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے جموں کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران بریفنگ کے وقت علاقے کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو نظر انداز کیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

پی ڈی پی رہنما التجا مفتی نے ”ایکس “ پر لکھا یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ وزیر اعلیٰ کو جو پروٹوکول دیا جاتا ہے وہ کہیں نظر نہیں آیا۔عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی معراج ملک نے کہا کہ عمر عبداللہ کو بی بی جے پی رہنماؤں کے پیچھے پیچھے چلنے کے بجائے عزت نفس کا خیال کرنا چاہیے ۔ امیت شاہ کے دورے کے حوالے سے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں وزیر اعلیٰ کو امیت شاہ اور دیگر حکام کے پیچھے کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات