Live Updates

آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں بڑا اجتماع ہوگا، ہم پورے ملک میں جائیں گے، علامہ راجہ ناصرعباس کا اعلان

عمران خان کے دشمنوں کے پاس عہدے بڑے لیکن وہ چھوٹے لوگ ہیں، یہ نظام چل ہی نہیں رہا اپنے بوجھ تلے دبتا چلا جا رہا ہے، جو غلط راستے پہ چلتا ہے وقت آنے پر کھائی میں گرتا ہے؛ نامزد اپوزیشن لیڈر سینیٹ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 11:36

آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں بڑا اجتماع ہوگا، ہم پورے ملک میں جائیں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں بڑا اجتماع ہوگا، ہم پورے ملک میں جائیں گے۔ اینکرپرسن سمیع ابراہیم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نظام چل ہی نہیں رہا، یہ نظام اپنے بوجھ تلے دبتا چلا جا رہا ہے، آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں بڑا وکلاء کا اجتماع ہوگا، ہم پورے ملک میں جائیں گے کیوں کہ ملک میں اس وقت امن و امان کا بحران ہے، معاشی اور سیاسی بحران ہے، ہر وہ شخص جو آنکھیں اور کان رکھتا ہے وہ یہ بحران اور اس کے ذمہ داران کو دیکھ سکتا ہے۔

ایک سوال کے پر علامہ راجہ ناصر عباس نے جواب دیا کہ یہ ارادوں کی جنگ ہے اور عمران خان مضبوط ارادے کا مالک ہے، عمران خان کا جن سے مقابلہ ہے یہ بہت چھوٹے لوگ ہیں، عمران خان کے دشمنوں کے پاس بے شک عہدے بڑے ہیں لیکن وہ چھوٹے لوگ ہیں، ان میں نہ اسلام ہے نہ دین ہے نہ انسانی اقدار ہیں، عمران خان کو توڑنے کی بات کرنے والے دراصل پاکستان کو توڑنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پریس کانفرنس مین ان کا کہنا تھا کہ 1947 میں بننے والا پاکستان 1971 میں ٹوٹ گیا، پھر باقی پاکستان کو یکجا کرنے کیلئے 1973 میں آئین بنایا گیا لیکن آج وہ آئین اپنی اہمیت کھو بیٹھا ہے، اگر ہمیں اکٹھا رہنا ہے تو ہمیں آئین اور رول آف لاء کی طرف واپس جانا پڑے گا، پاکستان میں وہ حکومت قائم ہو گی جو عوام کی مرضی سے آئے اور آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرے۔

نامزد اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے کہا کہ وہ فورسز جو کہتی ہیں کہ ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اس وقت سب سے زیادہ بدترین سیاست وہ ہی کررہے ہیں، آئین شکنی اور جبر کی سیاست کی جارہی ہے، اس سے پہلے بھی آمر آئے اور انھوں نے طویل اقتدار کے خواب دیکھے لیکن ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا، کہاں ہے مشرف جو خدا کے لہجے میں بولتا تھا؟ جو غلط راستے پہ چلتا ہے وقت آتا ہے جب وہ کھائی میں گرتا ہے، دنیا کے سارے فرعونوں اور ظالموں کی تاریخ پڑھیں کہ ان کا انجام کیا ہوا، قران بھی یہی کہتا ہے کہ خدا کو ظلم پسند نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات