ایشیاء کپ 2025ء : بھارتی ٹیم کا بغیر سپانسر کھیلنے کا امکان

بی سی سی آئی کی جانب سے نے نئے سپانسر کے لیے اس بار انتہائی سخت شرائط عائد کی گئی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 ستمبر 2025 11:42

ایشیاء کپ 2025ء : بھارتی ٹیم کا بغیر سپانسر کھیلنے کا امکان
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 ستمبر 2025ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2025 میں پہلی بار بغیر مرکزی اسپانسر کے کھیلتی نظر آئے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ڈریم 11 نے حکومت کے نئے آن لائن گیمنگ قوانین کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد ٹیم انڈیا کی جرسی پر صرف ’انڈیا‘ کا لوگو نمایاں ہوگا۔

عام طور پر یہ صورتحال صرف آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی غیر آئی سی سی ایونٹ میں بھارتی ٹیم بغیر اسپانسر کھیلے گی۔ ڈریم 11 کا معاہدہ 2023 میں تین سال کے لیے ہوا تھا جس کی مالیت تقریباً 358 کروڑ بھارتی روپے (44 ملین ڈالر) تھی۔ تاہم نئے حکومتی قوانین کے باعث کمپنی نے اگست میں معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی نے فوراً نئے اسپانسر کی تلاش شروع کر دی ہے اور 2 ستمبر کو ’ انویٹیشن ٹو ٹینڈر ‘ جاری کیا ہے۔ کمپنیاں 12 ستمبر تک درخواست دے سکتی ہیں اور 16 ستمبر کو آخری بولی ہوگی۔ تاہم امکان یہی ہے کہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم بغیر اسپانسر میدان میں اترے گی۔ بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ نئے اسپانسر کے انتخاب میں شراب، جوا، کرپٹو کرنسی، آن لائن پیسہ کھیل، تمباکو یا کسی بھی غیر اخلاقی کاروبار سے وابستہ کمپنیوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

ٹیم انڈیا 4 ستمبر کو یو اے ای روانہ ہوگی۔ گروپ اے میں بھارت کے ساتھ پاکستان، عمان اور میزبان یو اے ای شامل ہیں۔ بھارت 10 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف، 14 ستمبر کو پاکستان کے خلاف دبئی میں اور 19 ستمبر کو عمان کے خلاف ابو ظہبی میں میچ کھیلے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ٹیم کی کپتانی سوریا کمار یادیو کے سپرد کی گئی ہے جبکہ نائب کپتانی کے فرائض شبمن گل ادا کریں گے۔

سوریا کمار یادیو کی قیادت میں شبمن گل، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، وکٹ کیپر بیٹر جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن، ہرشیت سنگھ رانا اور رنکو سنگھ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔