پاکستان کیساتھ ہمارے تعلقات پر بھارت عالمی فورمز پر آذربائیجان کو نشانہ بنا رہا ہے، صدر الہام علیوف

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:15

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ ہمارے اچھے تعلقات کی وجہ سے بھارت بین الاقوامی فورموں پر آذربائیجان سے بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر علیوف نے یہ بات شمالی چین کے شہر تیانجن میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی۔

بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی اور ) کی مکمل رکنیت کی آذر بائیجان کی کوشش میں روڑے اٹکائے ہیں ۔ آذربائیجان کے میڈیا نے کہا ہے کہ بھارت نے ایسا اس وجہ سے کیا کیونکہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے ۔شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے بھارت کے ساتھ مئی کے فوجی تصادم کے دوران آذربائیجان کی مکمل حمایت اور یکجہتی پر الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان نے باکو کے اپنے سابقہ دوروں کو یاد کرتے ہوئے آذربائیجان-ترکی-پاکستان سہ فریقی فارمیٹ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔الہام علیوف نے پاکستان کو بھارت کے خلاف اس کی فتح پر مبارکباد دی اور زور دیا کہ بین الاقوامی فورمز میں نئی دہلی کے اقدامات کے باوجود، آذربائیجان اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک سہ فریقی اجلاسوں کے نتائج کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے آذربائیجان-پاکستان بین الحکومتی کمیشن کے اندر تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم پاکستان نے صدر علیوف کو آرمینیا کے ساتھ امن عمل میں پیش رفت پر مبارکباد بھی دی۔ صدرعلیوف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آذربائیجان کی شراکت داری قریبی سیاسی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات پر مبنی ہے۔