Live Updates

کمشنر فیصل راجہ جہانگیر کا کمالیہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں اور ہیڈ سدھنائی کا دورہ

میڈیا نے اس مشکل وقت میں بروقت اور مثبت رپورٹنگ کے ذریعے عوام کو ہر لمحہ باخبر رکھا جو قابل تحسین ہے

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:52

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)کمشنر فیصل راجہ جہانگیر نے کمالیہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں اور ہیڈ سدھنائی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماضی میں بھی بڑے سیلاب آ چکے ہیں، جن میں 1992، 1998، 2014، 2022 کے بعد 2025 کا حالیہ سیلاب مدر آف آل فلڈز قرار دیا جا سکتا ہے ۔ اس بار پانی اپنے بیڈ سے 10 سے 15 کلومیٹر تک باہر نکل آیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے بروقت امدادی کارروائیوں کے ذریعے انسانی جانوں کو محفوظ بنایا۔ صرف کمالیہ میں 25 ہزار سے زائد مویشیوں کو ریسکیو کیا گیا۔ بعض علاقوں کے لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ پانی وہاں تک نہیں پہنچے گا مگر اس بار پانی دور دراز علاقوں تک بھی پھیل گیا۔

(جاری ہے)

خوش آئند بات یہ ہے کہ اب پانی کم ہو رہا ہے اور چند دنوں میں اترنا شروع ہو جائے گا۔

کمشنر فیصل راجہ جہانگیر نے کہا کہ ہماری اگلی ترجیح عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے ۔ میڈیا نے اس مشکل وقت میں بروقت اور مثبت رپورٹنگ کے ذریعے عوام کو ہر لمحہ باخبر رکھا جو کہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی اترنے کے بعد متاثرین کی ری ہیبلیٹیشن پر کام کیا جائے گا کیونکہ لوگوں کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے اور حکومت جہاں تک ممکن ہوا ازالے کی کوشش کرے گی۔ اس قدرتی آفت میں پولیس، انتظامیہ، ریسکیو 1122، پاک فوج، میڈیا اور دیگر فلاحی تنظیموں نے شاندار کردار ادا کیا جبکہ کمالیہ کے مخیر حضرات نے بھی متاثرین کی دل کھول کر مدد کی۔ کمشنر نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہر قسم کی آفات سے محفوظ رکھے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات