راولپنڈی، مسلم کانفرنس میں بڑی شمولیت، تحریک آزادی کشمیر کی وارث جماعت ہونے کا اعزاز برقرار

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:23

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)راولپنڈی میں مسلم کانفرنس کا ایک شاندار اور تاریخی شمولیتی پروگرام منعقد ہوا جس کی صدارت صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کی۔ جب کہ اس پروگرام میں مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء اور اس پروگرام کے روح رواں سابق ایڈمنسٹرٹیر بلدیہ پٹہکہ و سابق امیدوار اسمبلی سلیم اعوان نے کی۔

تقریب میں مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سے وابستہ کئی اہم سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور معززینِ علاقہ نے اپنی جماعتوں کو خیر باد کہتے ہوئے مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا، انہیں ہار پہنائے اور کہا کہ آج مسلم کانفرنس کی صفوں میں اضافہ صرف جماعت کی مضبوطی نہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کے استحکام کا بھی مظہر ہے۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم کانفرنس وہ جماعت ہے جس نے سب سے پہلے کشمیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت وقتی اور ذاتی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہمیشہ قومی نظریات اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جنگ لڑتی رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مسلم کانفرنس کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور اصولی سیاست سے عبارت ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آج بھی یہ جماعت کشمیری عوام کے دلوں کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں، مگر کشمیری عوام کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر تحریک آزادی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس اس مشن کے لیے نہ صرف تیار ہے بلکہ ہمیشہ سب سے آگے کھڑی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان، کارکن اور باشعور افراد اپنی سابقہ جماعتوں کو چھوڑ کر مسلم کانفرنس کا حصہ بن رہے ہیں۔شمولیت اختیار کرنے والے افراد نے کہا کہ مسلم کانفرنس میں شامل ہونے کا فیصلہ انہوں نے محض سیاسی وابستگی کے طور پر نہیں بلکہ ایک نظریاتی وابستگی کے طور پر کیا ہے۔

ان کے مطابق سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں یہ جماعت تحریک آزادی کشمیر کی صحیح ترجمان ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کرتی ہے۔پروگرام کے دوران نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ کشمیر بنے گا پاکستان، مسلم کانفرنس زندہ باد مجاہد اول زندہ باد اور سردار عتیق قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں،مسلح افواج پاکستان زندہ باد، جیسے نعروں نے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔

نوجوانوں اور بزرگوں نے اپنی وابستگی کو عملی طور پر ظاہر کیا اور عزم کیا کہ وہ جماعتی پلیٹ فارم سے تحریک آزادی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔یہ حقیقت ہے کہ مسلم کانفرنس ایک نظریاتی جماعت کے طور پر ابھر رہی ہے، جبکہ دیگر جماعتوں سے وابستہ کارکنان اور شخصیات کا اس میں شمولیت اختیار کرنا اس بات کی علامت ہے کہ کشمیری عوام ایک بار پھر اپنی اصل شناخت اور تحریک کی وارث جماعت کی طرف لوٹ رہے ہیں۔

سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں مسلم کانفرنس نہ صرف آزاد کشمیر میں سیاسی طور پر فعال ہے بلکہ تحریک آزادی کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی بھی کر رہی ہے۔پروگرام میں مجاہد اول کے درینہ ساتھی میاں عبدالودودو دیگر کوٹلہ کے سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔حلقہ کوٹلہ میں سابق امیدوار اسمبلی جناب سلیم اعوان کی قیادت اور میاں عبدالودود اعوان کی سرپرستی میں ایک عظیم الشان مسلم کانفرنس کا شمولیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔

اس پروقار اجتماع کی میزبانی ملک جمیل، احمد فاروق اعوان، شیخ منیر اور سمید احمد نے انجام دی۔میں دل کی گہرائیوں سے بالخصوص ملک جمیل، احمد فاروق اعوان، شیخ منیر، سمید احمد اور پوری دورانی برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی شبانہ روز محنت اور بھرپور تعاون سے یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔مزید برآں، میں ان تمام دوستوں کو خوش آمدید کہتا ہوں جو مختلف یونین کونسلز سے مسلم کانفرنس میں شامل ہوئے۔

بالخصوص یو سی سرلی سچہ سے شریک ہونے والے تمام احباب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ اور خیرمقدم کرتا ہوں۔اسی کے ساتھ میں حلقہ کوٹلہ کی تمام یوسیوں سے شریک ہونے والے معزز دوستوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بالخصوص یو سی بلگراں کی مذہبی شخصیت حضرت پیر شفیق الرحمن نقشبندی صاحب کا خصوصی شکریہ کہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکالا اور ہماری حوصلہ افزائی کے لیے یہاں تشریف لائے۔یہ اجتماع دراصل اس بات کی گواہی ہے کہ عوام الناس کا اعتماد آج بھی مسلم کانفرنس پر ہے، اور ان شاء اللہ یہ قافلہ سلیم اعوان صاحب کی قیادت میں مزید مضبوطی سے آگے بڑھے گا۔