ہسپتالوں میں ادویات کا نام تک نہیں نہ سرنج اور کینولا میسر ہے، شوکت جاوید میر

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:23

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) آل پارٹیز الائنس نے حکومت آزاد کشمیر کے پاس اربوں روپے مختص ہونے کے باوجود دو سالوں سے صحت کارڈ اور ویلفیئر فنڈ کی اجرائیگی میں حائل رکاوٹوں ،مہاجرین کا کوٹہ ختم کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوار الحق سے فوری عملدرآمد کا پرزور مطالبہ کر دیا اور نرسری سے گریجویشن تک مفت تعلیم یکساں نظام تعلیم صحت کے مراکز میں ایمرجنسی کا نفاذ کر کے متوسط طبقات کو صحت تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کے بنیادی انسانی آئینی کرادر کا تقاضا ہے وزیراعظم چوہدری انوار الحق غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرکے دس ارب روپے پر منافع حاصل کرنے والوں کے خلاف سپیشل پاور ایکٹ کا نفاذ عمل میں لا کر انھیں نشان عبرت بنائیں ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز الائنس کے چیئرمین امیدواراسمبلی حلقہ سات لیپہ ویلی شوکت جاوید میر نے گزشتہ روز صحت کارڈ اور ویلفیئر فنڈ کے اجراء میں دو سالوں سے ہونے والی غیر ضروری تاخیر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کا نام تک نہیں نہ سرنج اور کینولا میسر ہے ستم بالائے ستم مضافاتی علاقوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حاضر کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے شہری علاقوں میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی بد انتظامی کی داستانیں زبان زدِ عام و خاص ہیں اور مافیا کو لگام دینے کی دعویدار حکومت ہر شعبہ زندگی میں مافیاز کی سہولت کار بن چکی ہے شوکت جاوید میر نے تعلیمی اداروں کی نامکمل عمارتوں اور سٹاف کی کمی سہولتوں کے فقدان پر حکومت کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے سردیوں کی آمد سے ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ایک سوال کے جواب میں امیدوار اسمبلی حلقہ سات شوکت جاوید میر نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی دونوں حکومتوں سے لائن آف کنٹرول کے عوام کی زندگیوں کو ممکنہ بھارتی جارحیت سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے بنکرز برتھواڑ گلی دفاعی، لیپہ بائی پاس سڑکوں کی تعمیرات اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور ٹنل جیسے میگا پراجیکٹ کی منظوری اسمبلی میں وادء لیپہ کے مخصوص سرحدی جغرافیائی موسمی حالات کے پیش نظر قانون سازی کر کے الگ حلقہ انتخاب دیا جائے شوکت جاوید میر نے کہا کہ افواج پاکستان نے لیپہ ویلی سمیت لائن آف کنٹرول کے تیرہ انتخابی حلقوں کے خوادار عوام کو تنہا چھوڑا ہوتا تو ہزاروں خاندان نقل مکانی کر چکے ہوتے عوام صحت تعلیم بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرنے پر فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز مرزا کمانڈنگ آفیسر چنار ڈویڑن میجر جنرل عرفان کمانڈنگ آفیسر لیپہ گارڈز برگیڈیئر عامر فرید خان اور انکی ٹیم کے ممنون احسان ہیں جنہوں نے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے ساتھ ساتھ چھ سات مئی کے بعد وادء لیپہ پر گولہ باری کے جواب میں قوت ایمانی اور دفاعی استعداد کار پیشہ ورانہ مہارت جس طرح بھارت کو شکست فاش دیکر عالمی سطح پر نشان عبرت بنایا اس سے پاکستانی کشمیری عوام کے سر فخر سے بلند ہو چکے ہیں شوکت جاوید میر نے کہا کہ چھ ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کو ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام اس تجدید کے عہد سے منائیں گے کہ آئندہ سال مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کر کے پاکستان سے مل کر دفاع وطن منانے کا اعزاز حاصل کریں گے کیونکہ مظبوط خوشحال مستحکم جمہوری پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہے ہم افواج پاکستان قومی سلامتی کے اداروں اور نظریہ استحکام پاکستان سبز ہلالی پرچم کو اپنے ایمان کا جزوِ لاینفک تصور کرتے ہیں شوکت جاوید میر نے کہا کہ چھ ستمبر کو لائن آف کنٹرول وادء لیپہ کے گاؤں نوکوٹ یادگار شھدائ سے چمولہ گلی تک کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام عظیم الشان دفاعی ریلی میں عوام کا جم غفیر ثابت کر دے گا کہ پاکستان اور افواج پاکستان انکی ریڈ لائن ہیں عوام سیاسی نظریاتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے تاریخی موقع پر بھارت کے خلاف اعلان جہاد جاری رکھنے کا قومی عزم کریں گی-