پاکستان اسلام اور امت مسلمہ کا سچا محافظ ہے ، مسجد اقصیٰ کا تحفظ پوری امت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، قاضی القضاء فلسطین ڈاکٹر محمود الصدقی عبدالرحمان الحباش کا پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) قاضی القضاء فلسطین ڈاکٹر محمود الصدقی عبدالرحمان الحباش نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام اور امت مسلمہ کا سچا محافظ ہے ، مسجد اقصیٰ کا تحفظ پوری امت کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اہل غزہ اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں لیکن بیت المقدس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ جمعرات کو یہاں پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام’’فلسطین امن چاہتا ہے‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی قاضی القضاء فلسطین ڈاکٹر محمود الصدقی عبدالرحمان الحباش نے خطاب میں کہا کہ مسجد اقصیٰ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہیں، فلسطینی ایک صدی سے صبر و استقامت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ پاکستان اسلام اور امت مسلمہ کا سچا محافظ ہے۔

(جاری ہے)

مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی مقدس ترین عبادتگاہوں میں شامل ہے جس کا تحفظ پوری امت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور فلسطین کا رشتہ جسم و روح کا ہے وہ وقت دور نہیں جب آزاد فلسطینی ریاست قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر موقف ہمیشہ دو ٹوک اور واضح رہا ہے، اسرائیل اور نیتن یاہو قاتل اور قابض ہیں، ہم غزہ کے مظلوموں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری اور سلامتی کونسل پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو ان کا حق دلایا جائے۔کانفرس سے خطاب میں علمائے کرام اور شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور عالمی برادری کو بھی فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ کانفرنس سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی، علامہ ہشام الٰہی زہیر،امام مسجد اقصیٰ اور فلسطین و شام کے سفراء سمیت ملک بھر کے جید علما و مشائخ نے بھی شرکت کی۔