یوم حجاب کے موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین جیکب آباد کے تحت ’’تحفظ عورت کا بنیادی حق ہے‘‘ کے عنوان سے پریس کلب میں پریس کانفرنس

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:00

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)یوم حجاب کے موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین جیکب آباد کے تحت ’’تحفظ عورت کا بنیادی حق ہے‘‘ کے عنوان سے پریس کلب میں پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبائی اور ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس میں نائب ناظمہ صوبہ سندھ امہ حسیب قریشی، ناظمہ ضلع امہ زارہ، ناظمہ شہر صائمہ ناظر، رکن صوبائی شوریٰ نگینہ عبدالرسول سمیت شگفتہ آفتاب، ڈاکٹر حرا، کامل پیرزادہ اور مسرت موجود تھیں،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت، وقار اور مکمل تحفظ فراہم کیا ہے، لیکن افسوس ہے کہ پاکستان میں خواتین پر تشدد، زیادتی اور قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

، صرف سال 2024 کے دوران 24 ہزار 439 خواتین جنسی زیادتی کے کیسز رپورٹ ہوئے،547خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، 5 ہزار 339 خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور2 ہزار 238 خواتین کو اغوا کیا گیا ، مقررین نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے محض قوانین بنانا کافی نہیں، بلکہ ان پر موثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اسلامی تعلیمات ہی خواتین کو حقیقی آزادی اور تحفظ فراہم کرتی ہیں، اسی لیے میڈیا اور نصاب میں اسلامی اقدار اور خاندانی نظام کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ کی قیادت نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے تحفظ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں، خواتین کے خلاف قتل و اغوا سمیت تمام جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ظلم و زیادتی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔