صدر ٹرمپ کا روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے پر بھارت کو مزید پابندیوں کا انتباہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت الفاظ میں بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھی تو اسے مزیدپابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اوول آفس وائٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت پر 25فیصد اضافی ٹیرف سے روس کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر اب بھی بھارت نے روسی تیل کی درآمد جاری رکھے تو اس پر دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہاکہ انہوں نے دو ہفتے پہلے کہا تھا کہ اگر بھارت نے روسی تیل کی خریداری جاری رکھی تواسے بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور یہی کچھ ہو رہا ہے۔امریکی انتظامیہ نے 27اگست کوروسی تیل کی درآمد جاری رکھنے پر بھارت پراضافی 25فیصد ٹیرف عائد کیاگیاتھا جس سے بھارت پر مجموعی ٹیرف 50فیصد ہو گیاہے۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں نے کہاکہ مزید ٹیرف کی صدر ٹرمپ کی دھمکی بھارت کے لیے واضح پیغام ہے کہ امریکہ روس کے ساتھ اس کے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کو قبول نہیں کرے گا اور اگر نئی دلی نے اپنی تجارتی پالیسی پر نظرثانی نہ کی تو اسے مزید سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔