بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جلسہ عام میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پی ایس ایف

جمعہ 5 ستمبر 2025 02:30

9کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جلسہ عام میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سردار عطااللہ خان مینگل کی چوتھی برسی کے مناسبت سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام سریاب شاہوانی سٹیڈیم میںجلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں بی این پی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل، تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی ودیگر سیاسی پارٹیوں کے اکابرین شریک تھے ۔

جلسہ ختم ہونے کے کچھ دیر بعد خودکش حملہ ہوا جس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے درجن سے زائد کارکن شہید ہوئے اور 70 کے قریب کارکن زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اس دہشتگردانہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں اور اس کی ذمہ دار موجود نااہل فارم 47 حکومت کو ٹہراتی ہیں حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری بنتی کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرے اور اس طرح کے خونریز واقعات کی روک تھام کر سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنایزیشن غم کی اس گھڑی میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور بلوچ سٹوڈنٹس آرگنایزیشن کے ساتھ کھڑی ہے ۔پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنایزیشن جنوبی پشتونخوا زون پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنایزیشن کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے رات گئے پشتونخوا بلڈ بینک پہنچ کر زخمیوں کو خون فراہم کی اور باشعور اور وطن دوست سیاسی کارکن ہونے کا حق ادا کیا