حریت کانفرنس کی طرف سے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر 1965کی جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت

جمعہ 5 ستمبر 2025 12:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کو یوم دفاع کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے 1965کی جنگ کے ان ہیروز کوخراج عقیدت پیش کیا ، جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ6ستمبر یوم دفاع پاکستان بہادری اورشجاعت کی داستان ہے۔

اس یادگار دن کے موقع پر پاکستانی قوم دشمن جس نے اپنے مذموم عزائم کے حصول کےلئے رات کی تاریکی کا انتخاب کیاتھا، کہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعاگو ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان نہ صرف خطے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے بلکہ کشمیری عوام کی جائز تحریک آزادی کی کامیابی کی بھی ضمانت ہے۔

انہوں نے پاکستان کو کشمیریوں کا حقیقی سفیر قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر پاکستان کے خلاف متعدد بار بلا اشتعال کارروائیاں کیں۔ انہوں نے رواں سال مئی میں پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کو بھارتی جارحیت کا واضح جواب قراردیا۔انہوں نے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر خطے میں پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جب تک مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیاجاتا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔

حریت ترجمان نے خبردار کیاکہ بھارت کے ہندو بالادستی کے توسیع پسندانہ عزائم عالمی امن اور جنوبی ایشیا کے خطے کے امن کیلئے حقیقی خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کے نشے میں چور بھارتی حکمرانوں کے غرورنے نہ صرف علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے بلکہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اورکشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے اس نے مقبوضہ علاقے میں 10لاکھ سے زائدقابض فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیرسے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔