یوم دفاع ہمارے ملی اتحاد اور یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین

جمعہ 5 ستمبر 2025 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمارے ملی اتحاد اور یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔6 ستمبر کا دن دھرتی کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانی کے جذبہ کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔قوم آج اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سر انجام دیا۔6 ستمبر 1965ہو یا 10مئی 2025،پاک فوج نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔حالیہ مئی کی جنگ میں ہماری بہادر افواج نے مودی سرکار کا غرور چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا۔دشمن نے جب بھی جارحیت کی،ہماری بہادر مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اپیل کی کہ دھرتی کے بیٹے اور بیٹیاں جنگ ستمبر کے جذبے کو اپنے دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھیں۔آج کے دن مادر وطن کی سلامتی اور خود مختاری کے ہر قیمت پر تحفظ کے عہد کی تجدید کریں۔