کراچی، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی قیادت میں یوم دفاع واک کا اہتمام

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی قیادت میں ان کے دفتر سے یوم دفاع واک کا اہتمام کیا گیاجس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، میونسپل کمشنرز ، مختلف محکموں کے اعلی افسران اوراسکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو محفوظ بنانے کی جنگ لڑنے والے پاک فوج کے جانبازوں کے ساتھ قوم ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6ستمبر 1965کے معرکے میں بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں پوری پاکستانی قوم نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ یوم ِ دفاع ِپاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رواں سال یوم دفاع پاکستان نہایت منفرد ہے کیونکہ افواجِ پاکستان نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع بھرپور انداز میں منایا جائے گا ۔