تہاڑ جیل: انجینئر رشید سمیت کشمیری نظربندوں پر جرائم پیشہ عناصر کا حملہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جرائم پیشہ عناصر نے انجینئر عبدالرشید سمیت کشمیری اراکین پارلیمنٹ اورمقبوضہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے دیگر قیدیوں پر حملہ کر کے انہیں تشدد کا نشانہ بنایاگیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ حبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تہاڑ جیل میں پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید اور دیگر کشمیری قیدیوں پر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں نے حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جیل حکام کشمیری نظربندوں کو ہراساں کرنے کے لیے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔ جیل انتظامیہ نے خواجہ سرئواں کو کشمیری نظربندوں کی بیرکوںمیں دانستہ طورپر قید کردیاہے اور انہیں کشمیری نظربندوں کو اشتعال دلانے، ان پر حملوں اور مخالفانہ ماحول پیدا کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید انکشاف کیا کہ انجینئر رشید پر قیدیوں کے ایک گروپ نے جان بوجھ حملہ کیا اور ان کی طرف بھاری گیٹ زوردھکیل دیاتاہم وہ معجزانہ طور پربچ گئے ، اگر گیٹ ان سے ٹکراتا تو ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتاتھا۔

انہوں نے بتایاکہ انجینئر رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ان خواجہ سرائوں نے سب سے پہلے بیرواہ کے ایوب پٹھان، قمرواری کے بلال میر اور سرینگر کے امیر گوجری سمیت کشمیری قیدیوں پر حملہ کیا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ جب بھی کشمیری جیل میں اپنی نماز شروع کرتے ہیں توانہیں جان بوجھ کر تنگ کیاجاتا ہے اور اشتعال دلایاجاتا ہے ۔ انجینئر رشید کے مطابق ایچ آئی وی پازیٹیوہونے کے باوجود ان خواجہ سرائوں کو کشمیری نظربندوں کے ساتھ قید کیاگیا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت اور زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔