فیصل کریم کنڈی کا فلسطین کے قاضی القضاہ کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام

غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت سنگین انسانی المیہ ہے، عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے، کنڈی

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز گورنرہاوس اسلام آباد میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے فلسطین کے قاضی القضاہ (چیف جسٹس) ڈاکٹر محمود صدیقی عبد الرحمان الہباش اور ان کے ہمراہ آنے والے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ناشتہ کااہتمام کیا۔فلسطینی وفد میں امام مسجد اقصیٰ قاضی احمد حسین، امام مسجد ابراہیمی قاضی غسان الرجبی، حمزہ دانا اور طلال الشفیع شامل تھے، جبکہ اس موقع پر چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین الشریفین کونسل، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اورپاکستان میں فلسطین کے سفیرڈاکٹرذہیرمحمدزید بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران فلسطین خصوصاً غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک سنگین انسانی المیہ ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو فوری طور پر اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے اور غزہ کے محصور عوام کے لیے امداد کی فوری فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی اٴْمہ کا اتحاد ہی فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فلسطین سے وابستگی صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نہیں، بلکہ مسجد اقصیٰ سے عقیدت اور ایمان کا مظہر بھی ہے۔ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینی عوام کا نہیں بلکہ پوری مسلم اٴْمہ، بشمول پاکستان، کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ گورنر نے اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم کو ظلم و بربریت کا ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں معصوم بچوں کا قتل جنگی جرم ہے، جس نے پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔