Live Updates

یومِ دفاع نہ صرف پاکستان کی عسکری قوت کی علامت ہے بلکہ یہ دن پوری قوم کی قربانی، جذبے، عزم اور حب الوطنی کا عملی مظہر ہے،صوبائی وزیر مواصلات

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک افواج کے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 ہماری قومی تاریخ کا وہ درخشندہ دن ہے جب پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ تسخیر ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع نہ صرف پاکستان کی عسکری قوت کی علامت ہے بلکہ یہ دن پوری قوم کی قربانی، جذبے، عزم اور حب الوطنی کا عملی مظہر ہے۔

(جاری ہے)

1965 کی جنگ میں ہماری مسلح افواج نے جس جرات، بہادری اور عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا، وہ آج بھی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔میر سلیم احمد خان کھوسہ نے مسلح افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ اندرونِ ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ، سیلاب، زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات کے دوران بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ افواجِ پاکستان ہر مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور قوم کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتری ہیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات