گورنرہائوس کراچی میں 1500ویں جشنِ عید میلاد النبیؐ کی پرنور محافل کا عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت گورنر ہائوس کراچی میں 1500ویں جشنِ عید میلاد النبیؐ کی پرنور محافل کا عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔جمعہ کو گور نر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی راہ میں خرچ کروگے تو آپ کی پریشانیاں ختم ہوجائیں گی اور برکتیں نچھاور ہوں گی۔

انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سچے دل سے نیت کریں، اجر ضرور ملے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ بارہ ربیع الاول کی شب 12خوش نصیب افراد کو عمرہ کی سعادت کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی۔تقریب کے دوران گورنر سندھ نے قرعہ اندازی کے ذریعے شازیہ جاوید اور حمزہ حامد کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دیئے۔جشنِ میلاد النبی ؐ کی تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اراکین اسمبلی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ قبل ازیں معروف نعت خواں حضرات الحاج صدیق اسماعیل، محمود الحسن اشرفی، وحید ظفر قاسمی، محمد اویس رضا قادری و دیگر نے بارگاہِ رسالتؐ میں نعتوں کے ذریعے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔