ؒآل کوئٹہ تفتان ڈویژن بس یونین ٹرانسپورٹرز کا8 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کی پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:45

8کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) آل کوئٹہ تفتان رخشان ڈویژن بس یونین کے مرکزی صدر حاجی ملک شاہ جمالدینی، نائب صدر سردار صابر ریکی، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالمالک محمد حسنی، سینئر ٹرانسپورٹر حاجی اللہ بخش بادینی، میر سنجر خان لہڑی، حاجی محمد خان سمالانی، حاجی طاہر محمد حسنی، حاجی بلال محمد حسنی سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز نے اپنے مشترکہ بیان میں 8 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کی پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو بلوچستان کے قدآور سیاسی و عوامی رہنما مرحوم سردار عطا اللہ خان مینگل کی چوتھی برسی کے موقع پر شاہوانی اسٹیڈیم کوئٹہ میں منعقدہ اجتماع کے بعد نہتے سیاسی قائدین اور کارکنوں پر ہونے والا خودکش حملہ دراصل کھلی اور سنگین کاروائی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ پاکستان ایک جمہوری ریاست ہے جہاں ہر شہری کو پرامن احتجاج اور جلسہ جلوس کا آئینی حق حاصل ہے۔

اظہارِ رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن ایسے عناصر کی جانب سے نہتے اور پرامن سیاسی کارکنوں پر حملہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ پورے بلوچستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس بات کے متقاضی ہیں کہ حکومت اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری پوری کرے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنائے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے حالیہ واقعات نے عوام میں شدید عدم تحفظ اور بے چینی کی فضا کو جنم دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ ان واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر 2025 کو بلوچستان نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، اے این پی، پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی و عوامی جماعتوں کی جانب سے دی گئی پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں