Live Updates

حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ملکی مسائل اور مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے ، سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 13:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر تمام ملکی مسائل اور مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ حضور پاک کی ولادت با سعادت کا دن ہمارے ایمان کا حصہ اور امت مسلمہ کےلئے خوشیوں اور برکت کا لمحہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دولت گیٹ ملتان میں انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کے سو سالہ جشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ حضور پاک ﷺکی ولادت باسعادت پر پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حضور پاک نے تعلیم اور تبلیغ سے ایک انقلاب برپا کر کے دین اسلام کو پھیلایا۔

(جاری ہے)

اسلام ایک پر امن دین ہے ۔ہم تعلیم کو ہتھیار بنا کر غلبہ حاصل کر سکتے ہیں۔

اور وطن عزیز کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس سلسلے میں انجمن اسلامیہ ملتان کا کردار بے مثال ہے ۔تعلیم کے فروغ کےلئے اس تنظیم کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان میں بہت سے سکول اور کالجز کی بنیاد رکھی گئی۔جہاں بلا تفریق اور میرٹ پر تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے انجمن اسلامیہ کے صدر سید عمران الحسن گیلانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں علم کا یہ سفر جاری رہے گا۔

چئیرمین سینٹ نے مزید کہا کہ یہ ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ آج پوری قوم یوم دفاع بھی منا رہی ہے۔اس دن کی مناسبت سے ہم اپنی افواج کو بھی سلام پیش کرتے ہیں کہ جن کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا یے ،ہمارے جوانوں نے ہر محاذ پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کیا کہ ہم ایک مضبوط اور نیوکلیئر سٹیٹ ہیں۔

ملک کی موجودہ سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس وقت ملک خطرناک سیلابی صورتحال سے دو چار ہے۔اس مشکل پر قابو پانا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام مخیر حضرات ،فلاحی تنظیمیں اور دیگر اداروں کو بھی قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔تاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کی جا سکے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تمام امت مسلمہ کو حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے۔

جو ہمیں قومی یکجہتی اور محبت کا درس دیتا ہے۔فیصل کریم کنڈی کا یوم دفاع کے حوالے سے کہنا تھا کہ آج پاک فوج کے شہداء کو یاد کرنے کا دن بھی ہے۔اس دن اپنے ملک کا دفاع کرنے اور قربانیاں دینے والوں کو بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی آفت ہے۔اس موقع پر ہمیں سیاست کو ایک طرف رکھ کر سیلاب زدگان کی مدد کےلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

بعد ازاں انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔جس میں مختلف مقامی تنظیموں،معززین شہر اور لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدر انجمن اسلامیہ عمران حسن گیلانی کی دستار بندی کی،چئیرمین سینٹ ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،سجادہ نشیں دربار موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی ،اراکین قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی،سید علی قاسم گیلانی،سینئر سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی،سینیٹر رانا محمودالحسن ،ڈاکٹر جاوید صدیقی ،حاجی جاوید اختر انصاری، سید عامر حسن گیلانی ،سید سہیل حسن گیلانی،احمد مجتبیٰ گیلانی ،نعیم خان،سید ارتضیٰ حسن گیلانی،مظہر جاوید سمیت مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات کی دستار بندی کی گئی۔

جس کے بعد چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں 12 ربیع الاول کا جلوس دولت گیٹ سے ریلی کی شکل میں روانہ ہوا اور حسین آگاہی چوک میں اختتام پذیر ہوا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات