Live Updates

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی محمدؐ کے 1500ویں یوم ولادت پرقوم کو مبارکباد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 1500ویں یوم ولادت کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کو انسانیت کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔ہفتہ کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سب سے بڑا الٰہی تحفہ ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کریں۔

انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے طرز عمل اور کردار کے ذریعے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی عقیدت کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

علیم خان نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس موقع پر سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔آئی پی پی کے صدر نے یوم دفاع پر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور خودمختاری کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو بہادری اور لچک کی داستان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل پر روشنی ڈالتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ دنیا نے پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم ملکی استحکام کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

دریں اثناء آئی پی پی کے رہنمائوں بشمول سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری، پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، ایم پی اے شعیب صدیقی اور ملک زمان نصیب نے بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت نے انسانیت کو سربلند کیا اور انسانیت کے لیے رحمت، شفقت اور احترام پر مبنی زندگی کا ایک نیا طریقہ متعارف کرایا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج دنیا کو عالمی امن کے لیے پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔آئی پی پی رہنماؤں نے بھی یوم دفاع کے موقع پر مسلح افواج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع میں ہمیشہ ڈھال بن کر کھڑی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات