ویب نا ر کے شرکاء کاشیخ تجمل الاسلام کو ان کی چوتھی برسی پر شاندار خراج عقیدت

ہفتہ 6 ستمبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) معروف کشمیری دانشور، صحافی اور محسن کشمیر شیخ تجمل الاسلام کو ان کی چوتھی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک ویبنار کا اہتمام کیاگیا جس میں صحافیوں، آزادی پسند کارکنوں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ویب نار کا اہتمام یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن (UKJA)نے کیا تھا۔

شیخ تجمل الاسلام 5ستمبر 2021کو کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما شیخ عبدالمتین نے کہا کہ شیخ تجمل کے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پر نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام ایک پرعزم رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔

(جاری ہے)

حریت رہنما مشتاق حسین گیلانی نے مرحوم رہنما کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل کوہروقت بھارت کو اچھی طرح سمجھنے، اسلام اور جدوجہد آزادی کے بارے آگاہی پیداکرنے اور اس کا دفاع کرنے کی فکر لاحق رہتی تھی۔حریت کارکن مختار بابا نے مرحوم رہنما کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بارے میں ایک کتاب مرتب کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ان کی میراث کو محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے شیخ تجمل کے نام پر تحقیقی مرکز قائم کرنے کی بھی تجویز دی۔سینئر صحافی حبیب اللہ شیخ نے کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے شیخ تجمل کے غیر متزلزل عزم اور وژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کو انہوں نے اپنی آخری سانس تک جاری رکھا اور انہیں ان کی ثابت قدمی کے لیے یاد رکھا جائے گا۔یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف وانی نے شیخ تجمل کو تحریک مزاحمت کا علمبردار قراردیتے ہوئے کہاکہ جب انہوں نے مزاحمت کی بات کی تو بہت کم لوگوں نے اس نقطہ نظر کی حمایت کی ،پھر بھی وہ پرعزم رہے۔

یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم الاسد نے مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ وہ مرحوم رہنما کے مشن کو جاری رکھیں۔ انہوں نے اپنے ذاتی تجربات اور یادیں شیئر کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔