Live Updates

ہمارے سیاسی، معاشرتی، اقتصادی مسائل کا حل نظام مصطفی کے عملی نفاذ میں ہے، پندرہ سو سالہ جشن ولادت ہمیں اس عظیم دن کی یاد دلاتا ہے،شاہ عبدالحق قادری

حکومت متاثرین کی فوری آباد کاری کرے۔مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے۔فوری نئے ڈیمز بنائے جائیں۔اسلامی قوانین میں کسی بھی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں ہے۔اگر کوئی کوشش کی گئی تو سخت مذاحمت کی جائے گی،م نشتر پارک میں منعقد مرکزی میلاد مصطفی کا نفرنس کے شرکا سے خطاب

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)جماعت اہلسنت پاکستان کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا ہے کہ 1500 سالہ جشن عید میلاد النبی چراغاں اور ظاہری خوشیوں کا نام نہیں بلکہ اس کی اصل روح اسو رسول کو اپنانا اور اتباع رسول کو اپنی زندگی کا مقصد بنانا ہے،ہمارے سیاسی، معاشرتی، اقتصادی مسائل کا حل نظام مصطفی کے عملی نفاذ میں ہے۔

پندرہ سو سالہ جشن ولادت ہمیں اس عظیم دن کی یاد دلاتا ہے جب دنیا میں رحمت اللعالمین کی آمد ہوئی یہ موقع مسلمانوں کیلئے محبت عقیدت، اخوت اور رواداری کے جذبے کو تازہ کرنے کا ذریعہ ہے۔ ملک میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے۔حکومت متاثرین کی فوری آباد کاری کرے۔مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے۔فوری نئے ڈیمز بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

اسلامی قوانین میں کسی بھی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں ہے۔

اگر کوئی کوشش کی گئی تو سخت مذاحمت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے زیر اہتمام نشتر پارک میں منعقد مرکزی میلاد مصطفی کا نفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم او آئی سی نے عالمی سطح پر پیغمبر اسلام کے پندرہ سو سالہ جشن ولادت منانے کے اعلان کیاہے۔ اس حوالے سے پاکستان کے قومی اسمبلی و سینٹ کی متفقہ قراردادوں کے باوجود ہمارے حکمرانوں کی روایتی عدم دلچپسی اور بے حسی شرمناک ہے ۔

علما کرام اور جماعت اہلسنت کی جانب سے ارباب اقتدار کو بار بار توجہ دلانے کے باوجود حکومت نے پندرہ سو سالہ جشن ولادت کے موقع پر نہ ہی یادگاری سکہ وڈاک ٹکٹ جاری کیے بلکہ وزارت مذہبی امور کا میلاد تقریبات کا اعلان بھی محض رسمی ہی رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں شامل تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کے قوانین میں کسی بھی قسم کی تبدیلی و چھیڑ چھاڑ مسلمانان پاکستان ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔

علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر صرف سرحدوں اور زمین کا تنازعہ نہیں بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کا ایمانی مسئلہ ہے۔ قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت ہر مسلمان پر لازم ہے۔حاجی حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے بجلی اور گیس کے نرخ میں بے تحاشہ اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

ملک کی غیر یقینی صورتحال کے سبب لاکھوں افراد، ڈپریشن اور نفسیاتی مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔عوام کو اس صورتحال سے نکالنے کیلئے حکمرانوں کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے ۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلادالنبی حضور نبی کریم سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کے اظہار کا دن ہے۔ علامہ عبدالجبار نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد میں لا پرواہی ، کمزوروں پر ظلم، پڑوسیوں ، اساتذہ، بزرگوں اور خواتین کے حقوق غضب کرنے کی روش کو ترک کرنا ہوگا۔

پاکستان سنی تحریک. کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلسنت اس ملک کی غالب اکثریت ہونے کے باوجود اپنے حقوق کے حصول کیلئے آخر کب تک مطالبات کرتے رہیں گی ۔مقاصد حسنہ کے حصول کے لیے ہمارے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔ ناظم اعلی جماعت اہلسنت کراچی سید رفیق شاہ نے کہا کہ سائبر کرائم کے ادارے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کومور طور پر کنٹرول کریں۔

جلسہ میلاد میں مولانا ابرار احمد رحمانی ، ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری ، علامہ شوکت حسین سیالوی، مولانا بلال قادری ، مولانا الطاف قادری اور دیگر خطاب کیا۔جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کو نشتر پارک میں منعقد ہونے والے جلسہ میلا مختلف قرار دادیں منظور کی گئیں۔قرار دادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں انتظام مصطفی کا نفاذ کیا جائے۔

یہ اجتماع مظلوم فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔مسلم دنیا فلسطنیوں کی مدد کریں۔حکومت ا شیا خوردنوش کی قیمتیں کم کرے۔ پاک افواج ہمارا فخر ہے۔اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم وطن کے دفاع و سلامتی کیلئے پاک افواج کے ساتھ ہیں ۔یہ اجتماع واضح کرتا ہے کہ اسلامی قوانین میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا چھیٹر چھاڑ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ ملک میں حالیہ دنوں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاری سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں فوری نئے ڈیمز بنائے جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات