ایم کیو ایم کی جانب سے ہر سال کی طرح 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی گزرگاہوں پر استقبالیہ کیمپس لگائے گئے

ایم اے جناح روڈ سے نکلنے والے مرکزی جلوس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،سید مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار، سمیت دیگر رہنمائوں کی شرکت

اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں اس سال بھی 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک گیر سطح پر جلوسوں کی گزرگاہوں پر استقبالیہ کیمپس لگائے گئے، جہاں ایم اے جناح روڈ پر مرکزی جلوس کے استقبالیہ کیمپ میں ایم کیو ایم کے چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مرکزی کمیٹی کے اراکین سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر مرکزی ذمہ داران، حق پرست اراکین اسمبلی اور کارکنان نے شرکت کی، چیئرمین ایم کیو ایم اور رہنماں نے جلوس کے شرکا کو مٹھائیاں، مشروبات اور دیگر اشیا پیش کیں جبکہ علما کرام کو ہار پہنائے اور عظمتِ رسول ﷺ کا جشن پروقار انداز سے منایا گیا۔

اسی طرح مرکزی کمیٹی کے رکن و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے اورنگی ٹان سے نکلنے والے جلوس کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور شرکا کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے لنگر تقسیم کیا، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی، ٹان و یوسی کے ذمہ داران اور کارکنان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

اندرون سندھ کے اضلاع حیدرآباد، میرپور خاص، نوابشاہ، سکھر، ٹنڈو الہ یار، سانگھڑ، ٹھٹہ، لاڑکانہ، عمرکوٹ، نوشہرو فیروز، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، سجاول، دادو اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی استقبالیہ کیمپس قائم کیے گئے، جہاں حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی و ٹان ذمہ داران اور کارکنان نے عوام کے ساتھ مل کر جشنِ ولادت رسول ﷺ کی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان عوام کے شانہ بشانہ شریک رہے۔ ایم کیو ایم کے چیئرمین اور رہنماں نے عوام کے والہانہ جوش و خروش کو عقیدت و محبت کا شاندار مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عاشقانِ رسول ﷺ کی یہ محفلیں ایم کیو ایم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔