Live Updates

متاثرین کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، فیصل کریم کنڈی

کوشش ہے متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم ہو ،بحالی میں کسی قسم کی کمی کوتاہی نہ ہو ، گورنر خیبرپختونخوا

اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے متاثرین کے لیئے امدادی رقوم فراہم کیں ،صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کام شروع ہے وفاقی حکومت بھی متحرک ہے ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم ہو انکی بحالی میں کسی قسم کی کمی کوتاہی نہ ہو ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر دفتر میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے امدادی چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ،قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی سردار فتح اللہ خان میاں خیل ، کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر السلام خٹک ، جمعیت علمائے اسلام کے نمائندہ کفیل احمد نظامی ، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ریحان ملک ایڈوکیٹ، چوہدری ریاض ایڈوکیٹ، رشید وزیر، ملک فرحان افضل دھپ بھی اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ ہم سب ڈیرہ اسماعیل خان کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر متحد ہوکر کام کرینگے ، سیلاب میں جہاں بحق افراد کے لواحقین کا غم مشترکہ ہے ہم انہیں واپس نہیں پاسکتے مگر امدادی رقوم سے اہل خانہ کی کچھ مدد کرسکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ میں یہاں موجود تمام اتحادی سیاسی جماعتوں کے رہنماں کا بھی شکر گزار ہوں جو آج یہاں موجود ہیں ، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان ، خیبرپختونخواہ اور بالخصوص ڈیرہ میں بارشوں سے جو نقصانات ہوئے اس پر اظہار افسوس کرتی ہیں ، وفاقی حکومت نے 2/2ملین روپے کا اعلان کیا تھا اس پر عمل کیا جارہاہے، سوات، بونیر، باجوڑ میں زیادہ نقصان ہوا ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کم نقصان ہواہے، انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات پر ہم سیاست نہیں کرتے بلکہ بحالی کا کام کررہے ہیں خیبرپختونخواہ حکومت، این جی اوز اور دیگر ادارے بحالی کاکام کریں ، وفاق ان کے ساتھ بھی مکمل تعاون کررہاہے، کاروبار اور مکانات لوگوں کے تباہ ہوگئے ہیں ، صرف بونیر میں سیلابوں اور بارشوں سے 400سے زائد اموات ہوئی ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ بھی ہیں ، انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایک جگہ سیلاب آتا تھا لیکن اس بار ہر جگہ پر سیلابی صورتحال ہے ، ہم سب نے مل کر ان آفات کا مقابلہ کرناہے اور بحالی کا کام کرناہے، اس حوالے سے پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کی کوششیں بھی لائق تحسین ہیں ، وفاق اور صوبے کے تمام ممبران اسمبلی نقصانات کے ازالہ کیلئے ایوانوں میں آواز بلند کررہے ہیں ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کالا باغ ڈیم کی بجائے صوبے میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر پر توجہ دی جائے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں درابن زا م، شیخ حیدر زام ، ٹانک زام ، چودھوان زام بننے چاہئیں ۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات