مسلم لیگ ن آزاد کشمیرقومی مفاد کے خلاف کسی منفی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی، چوہدری طارق فاروق

پیر 8 ستمبر 2025 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت قومی مفاد کے خلاف انتشار کا سبب بننے والی کسی بھی منفی تحریک یا بیانیہ جس سے پاکستان دشمن عناصر کو فائدہ پہنچے،کا حصہ نہیں بنے گی،ایسے منفی عناصر کے خلاف جمہوری جدوجہد کریں گے،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کےآئینی،انتظامی اور سیاسی نکات کا مینڈیٹ انہیں جمہوری عمل کا حصہ بن کر مل سکتا ہے،ڈنڈے اٹھا کر انتشار پھیلانے کی بجائے وہ سیاسی جماعت رجسٹرڈ کروا کر ایسے نکات کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں اور انتخابات میں حصہ لیں۔

یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تاجروں کے پلیٹ فارم ایکشن کمیٹی کو کس نے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا یا کمیٹی دانستہ یا نادانستہ طور پر استعمال ہوئی،یہ ایک طویل بحث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ‏آزاد کشمیر میں کس نے جان بوجھ کر غیر جماعتی ماحول بنایا اور سیاسی جماعتوں کو غیر موثر کیا،یہ بات کرنے سے تلخیاں مزید بڑھیں گی،‏اب تاجر کمیٹی اور اس سے منسلک دیگر تنظمیں اپنا بیانیہ بنا چکے ہیں ،‏وہ بجلی کے بلز اور آٹے پر سبسڈی حکومت پاکستان سے لے چکے ہیں۔

طارق فاروق نے کہا کہ ‏اب ان کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے کچھ مطالبات کلی طور پر سیاسی،انتظامی اور آئینی نوعیت کے ہیں،اس طرح کے مطالبات کا مینڈیٹ انہیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیکر ہی مل سکتا ہے،وہ آئین کے مطابق ایک سیاسی جماعت رجسڑڈ کروا کر ان مطالبات کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں اور انتخابات میں عوامی اکثریت سے انہیں حاصل کریں،‏آئے روز آزاد کشمیر میں نظریاتی اور فکری عدم استحکام پیدا نہ کریں،پر امن احتجاج سب کا آئینی حق ہے۔

طارق فاروق نے کہا کہ وہ ڈنڈے اٹھانے کی بجائے پر امن رہنے کو ترجیح دیں۔گالم گلوچ،سہولت کار اور غیر ریاستی جیسی اصطلاحوں کے استعمال سے ہمارے قومی اتحاد اور اجتماعی مفاد کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے،پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کسی بھی منفی تحریک یا ایسے بیانیہ کا حصہ نہیں بنے کی جس سے قومی مفاد متاثر ہو ، قیاس اور انتشار بڑھے اور پاکستان دشمن عناصر کو فائدہ پہنچے ، بلکہ وہ ایسے منفی عناصر کے خلاف جمہوری جدوجہد کرے گی اور عوامی سطح پر ان کا مقابلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر چاہتی ہے کہ ایکشن کمیٹی حکومت آزاد کشمیر اور سیاسی اداروں کے ساتھ بامقصد مذاکرات کر کے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا جمہوری کردار ادا کرے۔