بلوچستان کا نوجوان کسی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوگا،نوابزادہ جمال خان رئیسانی

پیر 8 ستمبر 2025 15:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا نوجوان کسی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوگا، بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، فتنہ الہندوستان کے خلاف فورسز کی کارروائیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات انھوں نے کوئٹہ میں اہم سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین آغا عمر بنگلزئی، سردار شمیم بڑیچ، بابر یوسفزئی، میر شاہ زمان گرگناڑی، میر شاہزیب گرگناڑی، میر فہد مینگل، ایلم ثناء شاہوانی، آغا رحیم شاہ، ملک فتح محمد، تنویر شاہوانی اور سلمان خان شاہوانی سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور امن و امان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ سریاب سمیت کوئٹہ شہر کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں، بلوچستان کے عوام بالخصوص نوجوان نسل، قومی ترقی اور امن کے سفر میں اہم کردار ادا کریں گے۔