پشاور میں بجلی کی بندش، خواجہ سراؤں اور دکانداروں کا شدید احتجاج

پیر 8 ستمبر 2025 17:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پشاور کے مصروف ترین تجارتی مرکز شاہین بازار میں گزشتہ تین دن سے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف خواجہ سراؤں اور دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بازار کلاں کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے سڑک پر دھرنا دیا اور زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کو کاروبار کی تباہی اور عوامی مشکلات کا ذمہ دار قرار دیا۔

دکانداروں نے کہاکہ ’’تین دن سے شاہین بازار میں بجلی خراب ہے، جس کی وجہ سے کاروبار مکمل طور پر مفلوج ہو گیا ہے۔ خریدار نہ آنے کے باعث ہمیں بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے جبکہ گرمی اور اندھیرے نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے‘‘۔احتجاج میں شریک خواجہ سراؤں نے بھی بھرپور شرکت کی اور بجلی کی عدم فراہمی پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش نے ان کی روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کر دیا ہے۔ مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر مسئلہ فوری طور پر حل نہ ہوا تو احتجاج مزید سخت کر دیا جائے گا۔ بازار کلاں کی بندش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شاہین بازار کی بجلی بحال کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں اور عوامی زندگی معمول پر آ سکے۔