مائیک ہیسن نے محمد نواز کو بڑا ’اثاثہ‘ قرار دیدیا

افغانستان کو ان کے لیے سازگار حالات میں شکست دینے سے پاکستان کے اعتماد میں اضافہ ہوا : ہیڈ کوچ قومی ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 ستمبر 2025 11:25

مائیک ہیسن نے محمد نواز کو بڑا ’اثاثہ‘ قرار دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2025ء ) پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایک آل راؤنڈر کو بڑا اثاثہ قرار دے دیا۔ 
پاکستان نے اتوار کے روز افغانستان کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ سے قبل سیریز میں کامیابی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ 
ہیسن نے ٹیم کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ افغانستان کو ان کے لیے سازگار حالات میں شکست دینے سے ان کی ٹیم کو براعظمی ٹورنامنٹ سے قبل اعتماد میں اضافہ کرنے میں مدد ملی۔

 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مائیک ہیسن نے کہا کہ جس طرح سے ٹیم ترقی کر رہی ہے میں اس سے خوش ہوں۔ 
ہم نے افغانستان کو ان کے اسپن اٹیک کے مطابق کنڈیشنز میں شکست دی، ایشیا کپ میں جانے سے قبل دباؤ میں فائنل جیتنا بھی ہمارے لیے بہت اہم تھا۔

(جاری ہے)

 

مائیک ہیسن نے کہا کہ فخر زمان انجری سے واپس آنے کے بعد سہ فریقی سیریز کے دوران اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے آہستہ سے آغاز کیا ہے، آپ ہمیشہ 160 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور نہیں کرسکتے۔”
ہیڈ کوچ نے پلیئر آف دی سیریز محمد نواز کی قومی ٹیم میں واپسی کے بعد سے ان کی مسلسل کارکردگی کی تعریف کی اور انہیں تمام شعبوں میں ایک ‘بڑا اثاثہ’ قرار دیا۔ 
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ محمد نواز شاندار رہے ہیں، وہ سہ فریقی سیریز اور امریکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بہترین کھلاڑی تھے وہ ہمارے لیے تینوں شعبوں میں بڑا اثاثہ ہے۔

 
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ہمیں پہلے سپر فور پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی اس کے بعد اچھا کھیل کر ٹورنامنٹ جیتنا چاہیے۔
ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کا ابتدائی مقابلہ عمان کے خلاف 12 ستمبر کو شیڈول ہے، ایشیاء کپ کا سب سے بڑا معرکہ 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ 
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے میچز دبئی اور ابوظبی کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے ، ایونٹ 2016ء اور 2022ء کی طرز پر ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔

 
پاکستان گروپ اے میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ موجود ہے ، گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں، دونوں گروپس سے 2،2 ٹیمیں سپر فور میں پہنچیں گی، فائنل 28 ستمبر کو رکھا گیا ہے۔ 
ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان نے ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر اعتماد حاصل کرلیا، بھارت ٹی ٹونٹی کا عالمی چیمپئن ہونے کے ناطے بطورمضبوط امیدوار میدان میں اترے گا۔