بھارت کی کنٹرول لائن پارکرجانیوالے پاکستانی نوجوان کی گرفتار ی کو دہشتگردی سے جوڑنے کی مذموم کوشش

بھارتی فوج کا 7ستمبر کو جموں کی تحصیل سچیت گڑھ کے علاقے آر ایس پورہ سے پاکستانی پنجاب کے رہائشی سراج خان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

منگل 9 ستمبر 2025 16:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض حکام نے ایک بار پھر جموں میں کنٹرول لائن پار کرجانے والے پاکستانی نوجوان کی گرفتاری کو دہشت گردی کے بیانیے سے جوڑنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے 7ستمبر کو جموں کی تحصیل سچیت گڑھ کے علاقے آر ایس پورہ سے پاکستانی پنجاب کے رہائشی سراج خان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دلچسپ امر یہ ہے کہ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے صرف 30روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ہے ۔بھارتی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تفتیش کے دورا ن سراج نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بالی ووٹ کی اداکارہ سے ملاقات کی غرض سے مقبوضہ علاقے داخل ہوا ہے جسے وہ بہت پسند کرتا ہے ۔ اس واضح اعتراف کے باوجود بھارتی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اس کیس کو سیکورٹی کی خلاف ورزی کے طور پر پیش کرکے ایک بھیانک رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کاتسلسل اور بین الاقوامی فورمز پر دہشت گردی کا جھوٹا بیانیہ پھیلانے کی ایک دانستہ کوشش ہے ۔