ایبٹ آباد،ڈی آئی جی ہزارہ کی زیر صدارت ہزارہ،گلگت و آزاد کشمیر میں ترقیاتی پراجیکٹ و چائنیز سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس

منگل 9 ستمبر 2025 16:37

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی زیر صدارت ہزارہ،گلگلت اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹ،چائنیز و دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی آئی جی گلگلت،استور اور اے آئی جی سیکیورٹی آزاد جموں و کشمیر،ڈی پی او ایبٹ آباد،مانسہرہ،اپر کوہستان،ایس پی سپیشل برانچ ہزارہ،ایس پیز سی ٹی ڈی ہزارہ اور ایس پی ایس ایس یو ہزارہ نے شرکت کی،میٹنگ میں ہزارہ،گلگت اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس،چائنیز و دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی،موجودہ سیکیورٹی اقدامات اور ان میں مزید بہتری لانے اور شر پسند و جرائم پیشہ افراد کیخلاف قانونی کارروائیوں کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا،ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے میٹنگ کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی پراجیکٹ اور چائنیز کی سیکیورٹی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور انکو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،اس میں کسی قسم کی کوئی بھی کمی کوتاہی نہ کی جائے،چائنیز ورکرز و دیگرغیر ملکیوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے انفارمیشن شیئرنگ کو مزید مستحکم بنایا جائے اور بروقت ایک دوسرے کو اطلاع فراہم کریں،چائنیزشہریوں کی نقل و حرکت کے دوران فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوں،اُنھوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی پراجیکٹس کے اردگرد اپنی اپنی حدود میں سیکیورٹی انتظامات کا ہفتہ وار آڈٹ کیا جائے،مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیے جائے اور سیکیورٹی انتظامات میں سیکیورٹی خدشات کو دور کیا جائے،شر پسند و جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ملکر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں،ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی مدد سے شرپسند و جرائم پیشہ عناصر و گرہوں کی فہرستیں مرتب کرکے ایک دوسرے کیساتھ شیئر کریں اور انکے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے،اپنے اپنے اضلاع میں انٹری پوائنٹ پر ناکہ بندیوں کے نظام میں مزید بہتری لائے جائے،مشکوک افراد اور مشکوک گاڑیوں کی اچھے طریقہ کار سے چیکنگ کی جائے اور کسی بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اعلی افسران کو مطلع کیا جائے۔