Live Updates

نوجوانوں کو بااختیار بنانا، ملکی ترقی دھارے میں خواتین کی شمولیت اور ماحولیاتی استحکام اولین ترجیحات میں شامل ہیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

منگل 9 ستمبر 2025 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ملکی ترقی دھارے میں خواتین کی شمولیت اور ماحولیاتی استحکام کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کےنوجوان آبادی کو سہولیات، ہنر مند تعلیم اور روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنا نہ صرف وقت کی اہم صرورت ہے بلکہ ملکی ترقی کی کنجی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لیگل لرننگ اینڈ پروفیشنل اسکلز کے چیئرمین سید بلال جان باچا ایڈووکیٹ کی سربراہی میں گورنر ہاؤس مطالعاتی دورہ پر آنیوالے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی توانائی کو تعمیری سمت دینے کے لیے ’’یوتھ پارلیمنٹ‘‘ قائم کے قیام کی تجویز پیش کی۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کی تعمیری سوچ اور مثبت سرگرمیوں کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے،تعلیم یافتہ و ہنر مند نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ماحولیاتی مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب، جنگلات کی کٹائی اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز بڑے خطرات ہیں جن سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری اور آگاہی مہمات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہلالِ احمر پاکستان اور نوجوان رضاکاروں کو حالیہ سیلاب کے دوران ان کی فعال خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ کھیلوں کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ صوبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگر سہولیات اور اسپانسرشپ کے فقدان کے باعث ترقی میں رکاوٹیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور پاکستان سپر لیگ سمیت عالمی کھیلوں کے مقابلے صوبہ میں ہونے چاہئیں تاکہ اس صوبہ کا امن اور سافت امیج دنیا میں متعارف کرایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ایک مضبوط اور خوشحال خیبرپختونخوا بنا سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات