اس وطن کے مالک عوام ہیں نہ کہ جعلی مینڈیٹ اور فارم 47 کے ذریعے مسلط کردہ حکمران اور ان کے پس پردہ آقا

منگل 9 ستمبر 2025 23:00

؛کوئٹہ/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام کی طرف سے دی جانے والی تاریخ ساز اور کامیاب پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال نے ثابت کر دیا ہے کہ اس وطن کے مالک عوام ہیں نہ کہ جعلی مینڈیٹ اور فارم 47 کے ذریعے مسلط کردہ حکمران اور ان کے پس پردہ آقا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز، طلبہ، مزدوروں اور تمام مکاتبِ فکر نے رضاکارانہ طور پر اپنے کاروبار، دفاتر، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند کرکے جس اتحاد اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے، وہ دراصل دہشتگردی کے خلاف ایک ریفرنڈم اور اس حکومت کے خلاف عوام کا عدم اعتماد ہے جو زر اور زور کی بنیاد پر قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سردار عطاء اللہ خان مینگل کی برسی کے اجتماع پر بزدلانہ حملے کے خلاف عوام نے اپنی اجتماعی غیرت اور حب الوطنی کا ثبوت دے کر واضح کر دیا ہے کہ وہ جان و مال کے تحفظ، مثالی امن، آئین کی بالادستی، جمہور کی حکمرانی اور وطن کی خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال نہ صرف ایک سیاسی احتجاج تھا بلکہ تاریخ کا سنگِ میل ہے جو اس خطے کے مظلوم عوام کی اجتماعی مزاحمت اور حق پر مبنی جدوجہد کو ہمیشہ زندہ رکھے گا