صدرمملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں چینگدو میں عشائیہ کا اہتمام

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:31

صدرمملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں چینگدو میں عشائیہ کا اہتمام
چینگدو، چین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سیچوان صوبے کے پارٹی سیکرٹری وانگ زیاؤ ہوئی نے ایک ضیافت کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اس تقریب میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، چین کے سفیر برائے پاکستان جیانگ زیدونگ، چینی عہدیداران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وانگ زیاؤ ہوئی کی مہمان نوازی کا گرمجوشی سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے خاندان کے چین کے ساتھ تعلقات چار نسلوں پر محیط ہیں۔ چینی میزبان نے 2008ء کے تباہ کن زلزلے کے دوران سیچوان کی مدد کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ضیافت کے دوران پاکستان کے مشہور قومی نغمے ’’دل دل پاکستان‘‘ کو وائلن پر پیش کیا گیا، جسے مہمانوں نے پسند کیا۔صدر مملکت نے چین کے ساتھ پائیدار دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔