ترجمان حکومت سندھ نے شاہراہِ بھٹو کے ڈوب جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی

بدھ 10 ستمبر 2025 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے شاہراہِ بھٹو کے ڈوب جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی۔اپنے ایک بیان میں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ میں نے اپنے سفر کا آغاز شاہراہِ بھٹو سے کیا ہے اور آپ سب دیکھ سکتے ہیں کہ شاہراہِ بھٹو مکمل طور پر فعال ہے اور ٹریفک رواں دواں ہے، عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ شاہراہ کے بعض بننے والے حصوں میں معمولی اونچ نیچ موجود ہے جسے جلد درست کر دیا جائے گا، نئی شاہراہیں بننے کے بعد معمولی ٹوٹ پھوٹ فطری عمل ہے، جو نشاندہی ہوتے ہی فورا درست کر دی جاتی ہے، شہر کی مجموعی صورتِ حال بہتر ہے اور کل سے جاری بارش کے باوجود تمام مرکزی سڑکیں کلیئر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہر کو سانپ کی طرح ڈسنے والے ہمیشہ روتے ہی رہیں گے، انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، جب یہ لوگ تنقید کر کے آرام سے سو رہے تھے تو جیالا میئر، منتخب نمائندے اور انتظامیہ صبح چھ بجے تک سڑکوں پر موجود تھے۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ ماضی میں خون کی برسات کرنے والوں کے لیے بارش بھی ہمیشہ بری ہی لگے گی، کل گورنر صاحب کی کمی جماعتِ اسلامی کے ٹائون چیئرمین نے پوری کر دی، اپنی گاڑیوں پر ڈھکے لگا کر میڈیا فوٹیجز بنانے میں مصروف تھے۔انہوں نے کہاکہ لیاری اور ملیر ندی سے متاثرہ عوام کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن تعاون اور بندوبست کر رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔