سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس، ریلوے و پولیس اکیڈمی والٹن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی

بدھ 10 ستمبر 2025 16:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کااجلاس بدھ کو ریلوے اکیڈمی والٹن میں منعقد ہوا،جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی سینیٹر جام سیف اللہ خان نے کی۔اجلاس میں سینیٹر دوست محمد جیسر،سینیٹر اسد قاسم اور سینیٹر ناصر محمود نے شرکت کی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز محمد عثمان اویسی،سیکرٹری کمیٹی جمیل احمد خان کھوسو،چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے عامر علی بلوچ،انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس رائے طاہر،سیکرٹری ریلوے بورڈ راحت مرزا، ڈائریکٹر جنرل ریلوے اکیڈمی والٹن سفیان سرفراز ڈوگر سمیت وزارت ریلوے اور پولیس کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں کمیٹی کو پاکستان ریلوے اکیڈمی والٹن کی کارکردگی اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اکیڈمی کے ویژن اور مینڈیٹ کے تحت نوجوان افسران اور ریلوے کے مختلف شعبوں کے عملے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اکیڈمی کے تاریخی پس منظر،تنظیمی ڈھانچے ،انفراسٹرکچر،ماڈل روم، کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ روم،مختلف تربیتی کورسز اور ریفریشر کورسز کے بارے میں بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ10 سال کے دوران اکیڈمی نے ہزاروں افسران اور ملازمین کو مختلف نوعیت کی تربیت فراہم کی ہے۔فیکلٹی کے انتخاب کا شفاف طریقہ کار،وزٹنگ فیکلٹی کی شمولیت،بوٹ کیمپ پروگرامز،کریکولم ریویژن،آن جاب ٹریننگ،سافٹ سکلز انشی ایٹوز اور کراس لرننگ پروگرامز کو بھی تفصیل سے بیان کیا گیا۔کمیٹی نے اکیڈمی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس رائے طاہر نے کمیٹی کو ریلوے پولیس اکیڈمی اور پولیس فورس کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے ریلوے سٹیشنز پر ہیلپ اینڈ کمپلینٹ سنٹرز24 گھنٹے مسافروں کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے فعال ہیں۔معذور اور بزرگ مسافروں کیلئے خصوصی سہولیات بشمول ویل چیئر سروس فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے سٹیشنز پر سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے،سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے باقاعدہ تربیتی پروگرامز اور کورسز منعقد کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں مسافروں اور ریلوے کے سامان کی چوری کے خلاف کارروائیوں، انویسٹی گیشن سسٹم اور قانونی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اجلاس میں ریلوے ملازمین اور ریلوے پولیس کی تنخوا ہوں میں فرق کے حوالے سے اتفاق کیا کہ ریلوے ملازمین اور پولیس کی تنخواہیں دیگر اداروں کے برابر لانے کےلئے سفارشات پیش کی جائیں گی تاکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

اجلاس کے بعد کمیٹی اراکین نے پاکستان ریلوے پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا،جہاں انہیں پولیس کی تربیتی سرگرمیوں،سہولیات اور جدید نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اراکین نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے تحفظ اور ریلوے اثاثوں کی حفاظت کیلئے ریلوے پولیس کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے اور ریلوے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے ہر سطح پر تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ ادارہ کو منافع بخش بنایا جا ئے۔