اسرائیلی کارروائیاںگریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کا حصہ ہیں‘ اختر اقبال ڈار

امریکہ نے ماضی میں مذاکرات کا جھانسہ دے کر تہران پرآج حماس کے ساتھ مذاکرات کے دوران حملہ کروایا گیا

بدھ 10 ستمبر 2025 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل عرصہ دراز سے فلسطین پر حملہ آور ہے اور مختلف ادوار میں مصر ،اردن ،شام ،لبنان ِ،عراق ،تیونس اورسوڈان پر حملے کرتا رہا ہے ماضی قریب میں ایران پر حملہ آور ہوا اور اب قطر پر حملہ آور ہے ،یہ سب کارروائیاں گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کا حصہ ہیں اور اسرائیل کا قطر پر حملہ امریکی عیاری مکاری اور نیتن یاہو کا پاگل پن بھی ہے اور آج وہ وقت ہے کہ مسلم ممالک نیتن یاہو کے پاگل پن کے آگے صف آرا ء ہوں ۔

اختر ڈار نے کہاکہ ماضی قریب میں امریکہ نے مذاکرات کا جھانسہ دے کر تہران پر حملہ کروایا اور آج بھی حماس کے ساتھ مذاکرات کے دوران ان پر حملہ کروایا گیا جوکہ امریکہ کی عیاری مکاری اور اسرائیل کی پشت پناہی کا واضح ثبوت ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صدر اور وزیراعظم کی طرف سے اس نازک وقت پر قطر کے ساتھ کھڑے ہونے کی باتیں محض زبانی جمع خرچ ہیں ،اصل بات یہ ہے کہ کب مسلم ممالک اپنی آنکھیں کھولیں گے اور کب مشرق وسطی میں لگی ہوئی آگ کے سد باب کیلئے صف بندی کریں گے یا مسلم ممالک اپنی باری کا انتظار کریں گے ۔

اختر ڈار نے کہاکہ اسرائیل کے خلاف عالم اسلام کو لیڈ کرتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کرنا اور بڑے فیصلے کرنا ہوں گے ،پاکستان کوایٹمی طاقت اور ایک سکلڈ فوج رکھنے کے ناطے آگے بڑھ کر بڑا کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ بحرین ،متحدہ عرب امارات اور سوڈان کو اس سنگین صورتحال کے پیش نظر ابرہام اکارڈزسے نکلنا ہوگا اور اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے امریکی ثالثی میں ہونے والے تجارتی اور دیگر معاہدوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔