Live Updates

کراچی میں موسلادھار بارش کا سبب بنے والا مون سون کا سلسلہ بلوچستان منتقل

شہرمیں سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 32.6 ملی میٹر جبکہ24گھنٹوں کیدوران سرجانی ٹاؤن میں 149ملی میٹرریکارڈ ہوئی

بدھ 10 ستمبر 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)موسلادھار بارش کا سبب بننے والا مون سون سلسلہ ڈپریشن سے ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہونے کے بعد کراچی سے بلوچستان منتقل ہو گیا جبکہ شہر میں موسلادھار بارش کا امکان ختم ہوگیا ہے تاہم ہلکی بارش کا امکان رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر میں بیشتروقت مطلع کہیں جزوی اور کہیں مکمل ابرآلود رہا جبکہ مختلف علاقوں میں بونداباندی اور پھوار کا سلسلہ جاری رہا۔

شہرکے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے،کلفٹن، صدر، اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں (نشتر روڈ، گارڈن، رامسوامی، رنچھوڑ لائن، کھارادر)، ماڑی پور،کیماڑی، سرجانی ٹاؤن،گڈاپ ٹاؤن، سپرہائی وے، میٹ کمپلیکس،کراچی ائیرپورٹ، ملیر، ماڈل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چند علاقوں میں پھوار اور بونداباندی ہوئی، دن بھر موسم انتہائی خوش گواررہا جبکہ شہرکے مجموعی درجہ حرارت میں نمایاں کمی رہی۔

محکمہ موسمیات کی جانب جاری اعدادوشمار کے مطابق بدھ کو سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 32.6 ملی میٹرریکارڈ ہوئی، گزشتہ 24گھنٹوں کیدوران سب سیزیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 149ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔اسی طرح پی اے ایف بیس مسرور19،کورنگی 17.4،کیماڑی 17،گلشن معمار16.9، سرجانی ٹاؤن13، نارتھ کراچی 12.4 ملی میٹر، اورنگی 11.8، یونیورسٹی روڈ 10، اولڈ ائیرپورٹ 9.4، پی اے ایف بیس فیصل 9، گلشن حدید 5، جناح ٹرمینل 4.4 ملی میٹربارش ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدرلغاری نے کہا کہ شہر میں موسلادھار بارش کا سبب بننے والامون سون سلسلہ کراچی سے بلوچستان کی جانب منتقل ہوگیا ہے اور بلوچستان منتقلی سے قبل مون سون ڈپریشن کمزور ہو کر ہوا کیکم دباؤ میں تبدیل ہوگیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ بارش کا سسٹم اس وقت مکران کوسٹ پر پسنی، اورماڑہ اور تربت پر موجود ہے، مذکورہ سسٹم بلوچستان میں بارشوں کا سبب بن سکتا ہے جبکہ کراچی میں اب مون سون سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں جمعرات کو صرف ہلکی بارش کا امکان رہیگا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی نے بتایا کہ شہر میں مون سون سسٹم کے تحت ہونے والی بارش کے سبب درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد رہا۔ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق گڈوکے مقام پر دریائے سندھ میں اگلی24گھنٹوں کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے اور اگلے مرحلے میں سکھر میں بھی سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ستمبرکے مہینے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی کا سابقہ ریکارڈ نہیں ٹوٹا کیونکہ 14 ستمبر 2011کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.8 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوچکا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات