Live Updates

ق*اسپیکر قومی اسمبلی کا قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی 77ویں برسی پر خراج عقیدت

/قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور غیر متزلزل عزم پاکستان کے قیام کی بنیاد ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 11 ستمبر 2025 04:55

ں*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قائداعظم? نے اپنی بصیرت، جرات اور غیر متزلزل عزم سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن کی شکل میں وہ منزل عطا کی جس کا خواب مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال? نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم? کی مدبرانہ قیادت اور جہد مسلسل ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی کے موقع پر کیا جو ہر سال 11 ستمبر کو نہایت احترام اور قومی جوش و جذبے سے منائی جاتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قائداعظم? نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور ان تھک محنت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح ? کے رہنما اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر سردار ایاز صادق نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے صرف کریں اور پاکستان کو قائد اعظم کے ویڑن کے مطابق خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے موجودہ سیلابی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آج بھی اسی اتحاد، حوصلے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے جو پاکستان کے وجود میں آنے کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قوم نے کیا تھا۔

انہوں نے قوم سے سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ آپس کے اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے اللّٰہ تعالی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی، پاکستان کو قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں امن، ترقی اور انصاف کا گہوارہ بنانے اور امت مسلمہ کو اتحاد اور یکجہتی کی توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم? کی سیاسی بصیرت، محنت اور قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصول ہی ہماری اصل طاقت ہیں، اور اگر ہم ان پر عمل پیرا ہوں تو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ اور مضبوط ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات