کشمیریوںکو انکا حق خودارادیت دیئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدا ر امن کاقیام ممکن نہیں

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:18

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)جنیوا میں کشمیری نمائندوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پرزیرقبضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کوبھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے فوری مداخلت کرے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایجنڈا آئٹم 2 کے تحت عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے کشمیری نمائندوں الطاف حسین وانی، شمیم شال اور ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے خبردار کیا کہ کشمیریوںکو انکا حق خودارادیت دیئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدا ر امن کاقیام ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی منفرد شناخت اور تاریخ کو مٹانے کے لیے ایک دانستہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ سامراجی نوآبادیاتی قوانین کا نفاذ،جموں وکشمیر کی تاریخ سے متعلق کتابوں پر پابندی، اخبارات کے آرکائیوز اور انسانی حقوق کے ڈیجیٹل ریکارڈز کوہذف کرنا ، اظہار رائے اور پر امن احتجاج کے حق پر پابندیاں "آئینی دہشت گردی" کے مترادف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی تاریخ کو مٹانے کا مقصد کشمیریوں کی جبری گمشدگیوں، اجتماعی قبروں کی دریافت اور خواتین پر جنسی تشدد کے شواہد کو ختم کرنا ہے۔مقررین نے انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ فوری جموں وکشمیر کے ثقافتی اور تاریخی ریکارڈوں کی منظم تباہی کی تحقیقات اور کشمیر کے آرکائیوز کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کرے ، اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں ، آزاد مبصرین، انسانی حقوق کے گروپوں اور بین الاقوامی میڈیا کومقبوضہ کشمیر تک رسائی فراہم کرے اور مقبوضہ کشمیرمیں پبلک سیفٹی ایکٹ اوردیگر کالے قوانین کے تحت جیلوں میں نظربند 3ہزار زائد کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔

کشمیری نمائندوں نے پہلگام میں بھارت کے حالیہ فالس فلیگ آپریشن پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیااورخبردار کیاکہ اس طرح کی کارروائیوں سے علاقائی امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انصاف کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کوحاصل کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ کے خاتمے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب دہی کو یقینی بنانے اور مظلوم کشمیریوں کے عزت و وقار اور بنیادی حقوق کو بحال کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔