جی ڈی اے ہائر سیکنڈری سکول میں یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 11 ستمبر 2025 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) جی ڈی اے ہائر سیکنڈری سکول میں یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے اسی دن کے مناسبت سے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے ۔

تقریب میں نمایاں تعلیمی کارکردگی، ہم نصابی سرگرمیوں اور مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو انعامات اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ دفاع ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ وطن کا تحفظ صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تعلیم، محنت اور قومی خدمت کے جذبے کو اپنا شعار بنائے کیونکہ آج کے یہ طلبہ کل کے پاکستان کے معمار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے ہائر سیکنڈری اسکول کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے جی ڈی اے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہ ادارہ مستقبل کے قابل اور باصلاحیت طلبہ پیدا کر سکے۔تقریب میں پرنسپل راجہ امتیازنے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور یوم دفاع سے متعلق طلبہ و طالبات کو آگاہی فراہم کی۔