رواں سال کے دوران پنجاب بھر سے 98 ہزار 335 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ،ترجمان

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) پنجاب پولیس کو مطلوب اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 98 ہزار 335 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں اے کیٹگری کے 33 ہزار 509 اور بی کیٹگری کے 64 ہزار 826 اشتہاری شامل ہیں۔اسی طرح صوبہ بھر میں پولیس نے 38 ہزار 642 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا جن میں اے کیٹگری کے 8 ہزار 666 اور بی کیٹگری کے 29 ہزار 976 عدالتی مفرور شامل ہیں۔

مزید برآں،19 ہزار 818 عادی مجرم بھی گرفتار کیے گئے جن میں اے کیٹگری کے 7 ہزار 662 اور بی کیٹگری کے 12 ہزار 156 عادی مجرم شامل ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے 21 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان، 15 ہزار 396 عدالتی مفرور اور 8 ہزار 470 عادی مجرم گرفتار کیے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ بیرون ملک مفرور 39 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا ہے جو پنجاب پولیس کی بین الاقوامی سطح پر کامیاب حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں جاری کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ مدعیوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور موثر انفارمیشن شیئرنگ سے خطرناک مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے جاری آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔