چیئرمین سینیٹ کا میجر عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وطن کے بہادر سپوت اور نشانِ حیدر کے حامل عظیم ہیرو میجر عزیز بھٹی شہیدکی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے مادرِ وطن کے دفاع کی تاریخ میں ایسا روشن باب رقم کیا جسے قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے جس جرأت، استقامت اور شجاعت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا وہ افواجِ پاکستان کی شان و وقار اور ان کی عظیم قربانیوں کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر یہ ثابت کیا کہ وطن کے محافظ ہر حال میں ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے شہداء کی لازوال قربانیاں قومی تاریخ کا سنہری باب ہیں اور یہ قربانیاں ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے شہداکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور پاکستان کی سالمیت، دفاع اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔