Live Updates

پیپلزپارٹی کا ایم آر ڈی شہداء کو خراج عقیدت، سیلاب متاثرین کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور جنرل سیکرٹری پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے ایم آر ڈی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہداء نے جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج ملک میں جمہوریت انہی قربانیوں کی بدولت قائم ہے اور ہم ان عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وہ جمعہ کو سینٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ندیم افضل چن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پورے ملک کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور حتیٰ کہ پنجاب میں بھی حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ناجائز تجاوزات اور ٹمبر مافیا کی وجہ سے صورتحال زیادہ سنگین ہوئی، جہاں تیرہ سال سے تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

(جاری ہے)

پی پی پی نے تجویز دی ہے کہ متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کے ذریعہ امدادی رقوم دی جائیں تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے ،کئی علاقوں میں کسانوں کو بروقت امداد نہیں پہنچی جبکہ بعض مقامات پر کام صرف سوشل میڈیا کی حد تک محدود رہا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو 1122 کا کام سب سے زیادہ موثر رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا اور انکروچمنٹ کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے اور حکومت کو چاہیے کہ کلائمیٹ چینج کے اثرات پر عالمی سطح پر مقدمہ اٹھائے۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاری ناقابل بیان ہے، بالخصوص فیصل آباد ڈویژن اور چنیوٹ کے کچے کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں مال مویشی ہی لوگوں کا بنیادی ذریعہ معاش تھے،متاثرہ علاقوں میں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بحالی کے اقدامات کیے، لیکن حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام کا نقصان بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ادارے سیلاب اور زلزلوں کے لیے قائم کیے گئے ہیں ان کا آڈٹ ہونا چاہیے۔ ہر سال نقصانات ہوتے ہیں لیکن مستقل اقدامات نہ ہونے سے عوام مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نے مشکل وقت میں ایک ہونے کا ثبوت دیا اور آج بھی سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت کو بھی چاہیے کہ سنجیدگی اور حکمت عملی کے ساتھ متاثرہ افراد کی فوری بحالی یقینی بنائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات