نریندر مودی کے منی پور کے دورے کی کوئی اہمیت نہیں ، راہل گاندھی

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:40

گاندھی نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما اورلوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ شورش زدہ ریاست منی پورمیں طویل عرصے سے پرتشدد واقعات جاری ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے اب منی پورکے دورے کی کوئی اہمیت نہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج بھارت کو درپیش اصل مسئلہ'' ووٹ چوری ''ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے گجرات کے ضلع جوناگڑھ کے کیشود ہوائی اڈے کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر طرف ووٹ چور کا نعرہ گونج رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے ہریانہ اور مہاراشٹر کا انتخاب چوری کئے ہیں ۔ آج پورا بھارت نریندر مودی کو ووٹ چور کہہ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ منی پور میں کوکی اور میتی برادری کے درمیان گزشتہ2 برس سے تصادم جاری ہے۔

(جاری ہے)

ان پرتشدد واقعات میں اب تک 260سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں نے مجبورا نقل مکانی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی جی نے دو سال بعد منی پور جانے کا فیصلہ کیا ہے اب بہت دیر ہوچکی ہے ۔ اب ان کے اس دورے کی کوئی اہمیت نہیں ۔ راہل گاندھی نے کہاکہ آج بھارت میں سب سے بڑا ایشو ووٹ چوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک میں جمہوریت کو تباہ کیا ہے ۔ ہریانہ اور مہاراشٹر کے انتخابات چرائے گئے اور حال ہی میں کرناٹک میں بھی ووٹ چوری ثابت ہوئی ہے ۔