کراچی کو 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے، وزیراعلی سندھ

وزیراعلی سندھ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات میں کراچی کیلیے ٹرانسپورٹ کا ایک مکمل ماسٹر پلان تیار کرنے کافیصلہ کیاگیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے عالمی بینک کے ٹرانسپورٹ سے متعلق وفد سے ملاقات میں بتایا ہے کہ کراچی کو 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اعلی سطح کے وفد کی ملاقات ہوئی، عالمی بینک کے وفد کی قیادت مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور پاکستان کے پریکٹس منیجر برائے ٹرانسپورٹ ابراہیم خلیل ذکی نے کی، وفد میں لیڈ ٹرانسپورٹ اکنامسٹ جارجیس بیانکو، ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ فیڈریکو فریرا، ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ پاپا مودو اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعلی مراد علی شاہ کے ساتھ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن، وزیر پی اینڈ ڈی ناصر شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری وزیراعلی رحیم شیخ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے وفد کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک حکومت سندھ کا اہم شراکت دار ہے اور انہوں نے ورلڈ بینک کے اعلی سطح کے وفد کو کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، یلو لائن اور دیگر بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ جدید طریقے سے حل ہوگا۔وزیراعلی نے کہا کہ شہر کو 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے، حکومت سندھ نے الیکٹرک بسیں متعارف کروا کر ماحول دوست اقدام کیا ہے اور صوبائی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ جلد سے جلد شروع ہو۔

اجلاس میں کراچی کیلیے ٹرانسپورٹ کا ایک مکمل ماسٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا ماسٹر پلان بنانے کیلیے عالمی بینک کے ماہرین حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ماسٹر پلان میں لائٹ ریل منصوبہ کراچی میٹرو بھی شامل ہوگا۔اس موقع پر عالمی بینک نے ٹرانسپورٹ انڈسٹری کراچی میں قائم کرنے کیلیے معاونت کی پیش کش کی اور وزیراعلی نے پیش کش قبول کرلی اور ورلڈ بینک سے منسلک اداروں کو دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ٹرانسپورٹ انڈسٹری لگانے کی تجویز دی گئی۔

وزیراعلی نے ورلڈ بینک اور آئی ایف سی کو پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ دھابیجی میں ٹرانسپورٹ انڈسٹری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں لگائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عالمی بینک کی امداد اور نجی شعبے کے تعاون سے 2 ہزار الیکٹرک بسیں لائے گی۔ملاقات میں وزیراعلی سندھ اور ورلڈ بینک کے ماہرین پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ورکنگ گروپ کراچی ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا ہر ماہ جائزہ لے گا۔

سینئر وزیر شرجیل میمن بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی یلو لائن منصوبہ کراچی موبیلٹی پراجیکٹ کے تحت شروع ہوا ہے، جو 21 کلومیٹر کا منصوبہ ہے جس میں 4 انڈر پاسز، 21 ایٹ گریڈ اسٹیشنز، 2 ایلی ویٹڈ یو ٹرنز، 4 ایلی ویٹڈ اسٹیشنز، 8 پل یا فلائی اوورز اور 3 انڈر پاسز ہوں گے۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ بی آر ٹی یلو لائن خالد بن ولید انٹرسیکشن سے داد چورنگی تک بنایا جا رہا ہے۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ یلو لائن پر 268 بسوں کا بیڑا چلے گا اور روزانہ 3 لاکھ مسافر سفر کریں گے، بی آر ٹی کے روٹ جام صادق پل پر کام تیزی سے جاری ہے۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ جام صادق پل روڈ کی تعمیر مکمل ہونے والی ہے۔