Live Updates

ملکی صورتحال کے پیش نظرآج قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے،راجہ انصاری

وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلی پنجاب مریم نوازمیدانِ عمل میں ہیں،پی ٹی آئی کے ملک دشمن بیانیے کا اصل مقصد انتشار اور پاکستان کو کمزور کرنا ہے،وفد سے گفتگو

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)ترجمان حکومتِ پاکستان برائے سندھ، راجا خلیق الزمان انصاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز خود میدانِ عمل میں موجود ہیں اور متاثرین کی خدمت، ان کی بحالی اور ریلیف کے کاموں کی نگرانی میں دن رات مصروف ہیں اور قوم یکجہتی کی متقاضی ہے ایسے میں پی ٹی آئی اپنے منفی اورملک دشمن بیانیے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے، ترجمان نے کہا کہ یہ پارٹی ریاستِ مدینہ کے نام پر جھوٹا بیانیہ پیش کر کے عوام کو دھوکہ دیتی رہی اور پس پردہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازشیں کرتی رہی، راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ 9 مئی کو ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت، پاک فوج پر حملے اور ہرزہ سرائی پی ٹی آئی کے حقیقی عزائم کو بے نقاب کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا اصل مقصد پاکستان کو کمزور کرنا، اداروں پر حملہ آور ہونا اور ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ آج کل یہ عناصر پاکستان میں نیپال جیسے حالات پیدا کرنے کی ناپاک خواہش رکھتے ہیں جو کہ ان کی غلام ذہنیت اور ملک دشمنی کی کھلی مثال ہے، انہوں نے کہا کہ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نہ صرف سیلاب متاثرین کی خدمت اور بحالی کے اقدامات میں سرگرم عمل ہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک جرات مندانہ خارجہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار ملک کے طور پر دنیا کی صفِ اول میں لا کھڑا کیا ہے۔

خصوصا اسرائیل کیخلاف واضح مقف نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا،ترجمان حکومت پاکستان سندھ راجا خلیق الزمان انصاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز بھی دن رات عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں وہ حالات پیدا نہیں ہوئے جن کی تحریکِ انتشار خواہش مند ہے،بیرسٹر راجہ انصاری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت، تحفظ اور ملک کی خودمختاری کے لیے ہراول دستے کی حیثیت رکھتی ہے، قوم وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایک محفوظ اور باوقار مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات