وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان کا راولپنڈی میں گندم کے گوداموں کا دورہ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے راولپنڈی کے علاقے محکمہ خوراک کے گندم کے گوداموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے انہیں گندم کے ذخائر، معیار اور تقسیم سے متعلق بریفنگ دی۔

پارلیمانی سیکرٹری نے گوداموں میں موجود گندم کے اسٹاک کا معائنہ کیا اور کوالٹی سمیت مقدار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے قیمتوں کی صورتحال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبے بھر میں آٹا سرکاری نرخوں پر شہریوں کو فراہم کیا جا رہا ہے اور اسلام آباد،راولپنڈی جڑواں شہروں میں بھی آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ عوام کو معیاری آٹا باآسانی دستیاب ہونا چاہیے اور کسی قسم کی قلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

محکمہ خوراک کے مطابق اس وقت سرکاری نرخوں پر دس کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے جبکہ بیس کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے میں دستیاب ہے۔شازیہ رضوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور آٹے کی تقسیم کے عمل پر سخت نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں گندم اور آٹے کی فراہمی کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے چیک اینڈ بیلنس کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔\378