بلوچستان حکومت کی جانب سے ٹرانس جینڈرز پالیسی کی منظوری تاریخی اور دور رس فیصلہ ہے،سربراہ فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے پہلی بار ٹرانس جینڈرز پالیسی کی منظوری تاریخی اور دور رس فیصلہ ہے، جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے نئی راہیں کھولے گا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی کابینہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام وقت کی ضرورت تھا جس کا غیر سرکاری ادارے طویل عرصے سے مطالبہ کرتے آ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے نفاذ سے ٹرانس جینڈرز کمیونٹی کو تعلیم، روزگار اور سماجی ترقی میں برابری کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ معاشرے میں فعال اور مثبت کردار ادا کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل صوبائی حکومت نے اسکالرشپ پروگرام میں بھی ٹرانس جینڈرز اور اقلیتوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے تھے، جو بلوچستان حکومت کی شمولیتی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے اس اقدام سے باقی صوبوں کے لیے ایک واضح مثال قائم کی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے حقیقی ثمرات مستحق طبقات تک پہنچ سکیں ۔عظمیٰ یعقوب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی آئی پاکستان اس پالیسی کے عملی نفاذ میں حکومت بلوچستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔