جمہوریت ہی ہماری قومی شناخت کی روح اور ترقی کی اساس ہے،بلاول بھٹوزرداری

جمہوریت محض ایک طرزِ حکمرانی نہیں بلکہ عوام اور ان کے نمائندوں کے درمیان ایک عہد ہے، یعنی انصاف، مساوات، آزادی اور وقار کا وعدہ،چیئرمین پیپلزپارٹی کا عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر پیغام

اتوار 14 ستمبر 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کو عوام کی آواز ، کمزوروں کی ڈھال اور پاکستانی قوم کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت ہی ہماری قومی شناخت کی روح اور ترقی کی اساس ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاس سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت محض ایک طرزِ حکمرانی نہیں بلکہ عوام اور ان کے نمائندوں کے درمیان ایک عہد ہے، یعنی انصاف، مساوات، آزادی اور وقار کا وعدہ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت شہریوں کی سیاسی عمل میں شراکت، سیاسی تنوع اور سب کے لیے یکساں حقوق کے تحفظ کا نام ہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا جمہوری سفر بے شمار شہدا کی قربانیوں پر محیط ہے، جن میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سرفہرست ہیں، جنہوں نے عوام کے حقِ حاکمیت کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے اٹھارویں ترمیم کی شکل میں پارلیمان کو 1973ع کے آئین کی روح کے عین مطابق مضبوط کیا، جو جمہوریت کی فتح ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا تحفظ ایک مقدس فریضہ ہے جو ہر شہری اور ادارے پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ جمہوریت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ دراصل ہمارے مستقبل پر سمجھوتہ ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستانی نوجوانوں پر زور بھی دیا کہ وہ جمہوری اقدار کے خلاف ہر خطرے کے مقابلے کے لیے چوکس رہیں اور ایک جامع، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کے تحفظ اور استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی قائداعظم محمد علی جناح اور اپنے بانی رہنماں کے ویژن اور عوام کی امنگوں کے مطابق ایک جمہوری، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جمہوری ہیروز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ ان کا حوصلہ ہماری رہنمائی ہے اور ان کا ورثہ ہمیں مسلسل یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت عوام کی قوت میں ہے۔